01 - حمدِ باری تعالیٰ از فرید ندوی

خلاقِ کائنات ہے وہ باکمال ہے
غالب، رحیم، صاحبِ جاہ و جلال ہے

مخلوق میں جو ذرّۂ فضل و کمال ہے
قدرت کے شاہکار کی ادنیٰ مثال ہے

ہر سو جواب اُس کے سوالِ وجود کے
جس کا کوئی جواب نہیں وہ سوال ہے

حسنِ ازل کے جلوے جو بکھرے ہیں چارسو
ہر شے میں اس کے فیض سے حسن و جمال ہے

کیا میرا منہ کہ دعویٔ ہستی کروں فرید
فانی ہوں میں اور اس کی صفت لازوال ہے

فرید ندوی