03 - ون اردو پر میرے دو سال از درِ نایاب

مورخہ 2 تاریخ 2008 کو میں ون اردو کی ممبر بنی اور آج دوسال میں میں ایک ریگولر اور ایکٹو ممبر ہوں۔ اتنی مستقل مزاج تو میں کبھی بھی نہ تھی مگر ون اردو نے ذمہ داری اور مستقل مزاجی بھی سکھا دی۔
دوسال پہلے اردو مطالعہ کے لئے سائٹس کھنگالتے ہوئے یہاں وارد ہوئی اور یہیں کی ہو کر رہ گئی۔ یہاں بہت اچھے بااخلاق ممبرز سے سائبر ملاقات ہوئی اور گھر جیسا دوستانہ ماحول ملا۔ ڈھیروں ڈھیر ناولز نہ صرف پڑھے بلکہ کمپوزنگ مشن کا حصہ بھی بنی۔ شاعری اور نثر کی پریکٹس کر کے اپنی اردو میں بھی بہتری کی۔
یہاں کی سب سے دلچسپ چیز ہی یہاں کا فورم ہے، جہاں مختلف افکار کے لوگوں کے لئے مختلف شعبے ہیں جیسے ماہرین سے سوالات، عام سوال و جواب، سیاست، مذہب، شاعری، کارآمد گفتگو و گپ شپ، اردو کتب، خبریں اور خواتین کے شعبے وغیرہ۔ اس سے بھی دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سائٹ ہر عمر کے لوگوں میں مقبول ہے۔
ون اردو نے بھی ان دوسالوں میں نمایاں ترقی کی۔ اسکین ناولوں کا ڈھیر ہوتے ہوتے باقاعدہ ایک لائبریری قیام میں آئی۔ جہاں آن لائن اردو لٹریچر کا ایک خزانہ ہے۔ جاسوسی ادب، مزاحیہ، سیاسی، مذہبی، طبّی، رومانوی غرض ہر طرح کی تصانیف اس خزانے کا حصہ ہیں۔ سب سے قابل تعریف یہاں پر تمام نامور شاعروں کے مجموعوں کی موجودگی ہے۔ جو کہ اردو زبان و ادب کا اثاثہ ہے۔

ون اردو کی اتنے کم عرصے میں اس قدر کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہی یہاں کے ممبران ہیں جو یہاں صرف گپ شپ کرنے نہیں آتے بلکہ یہاں کے ہر مشن کو اپنا ذاتی مشن سمجھ کر اس سائٹ کی ترقی و ترویج میں کوشاں ہیں۔ چاہے وہ ناول اسکین اور اپلوڈ ہو یا کمپوزنگ، شاعری ہو یا جوکس، یہی نہیں بلکہ خواتین کے شعبے میں باورچی خانہ یا ملبوسات ہی کیوں نا ہوں۔ ان ممبران کی خدمات، محنت و لگن ون اردو سے محبت کا اعتراف ہی تو ہے۔
اس سائٹ کا بنیادی مقصد اردو زبان و ادب کا فروغ ہے اور دنیا کے ہر اس خطے میں جہاں اردو زبان پڑھی اور لکھی جاتی ہے، اردو ادب مفت فراہم کرنا ہے۔ ون اردو ان بے شمار لوگوں کے خوابوں کی تعبیر ہے جو وطن سے دور رہ کر وطن کے حوالے سے دیکھتے ہیں۔ جہاں وہ ایک کلک سے اپنی زمین پر پہنچ جاتے ہیں اور اپنے لوگوں سے ملتے ہیں۔ یہ ہمارے مذہب، تاریخ، تہذیب و تمدن اور زبان کی سفیر ہے۔ اس میں ہماری مٹی کی خوشبو ہے اور یہی خوشبو مجھے ون اردو پر کھینچتی ہے اور اسی خوشبو کی وجہ سے میں یہاں موجود ہوں۔