001 - ٹیم اردو کا پیغام

محترم قارئین ۔ السلام علیکم

عقابی روح جب بیدار ھوتی ھے جوانوں میں
نظر آتی ھے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں
نہ ھو نومید ، نومیدی زوال ِ علم و عرفاں ھے
اُمید ِ مرد ِ مومن ھے خدا کے رازدانوں میں
علامہ اقبال

آج یہ لکھتے ھوئے بے پناہ خوشی محسوس ھو رھی ھے کہ ماھنامہ ون اردو کا پہلا شمارہ منظر عام پر آ رھا ھے۔ اس کا خیال تو کافی عرصے سے ذھن میں تھا لیکن زندگی کی مصروفیات اور ون اردو کے دیگر مشنز کی وجہ سے اس طرف فرصت نہ ھو سکی۔

اسی دوران ون اردو پر منعقد ھونے والے مختلف تحریری مقابلوں اور مضامین کے ضمن میں جو چونکا دینے والی جاندار صلاحیتیں سامنے آئیں انہوں نے ماھنامہ ون اردو کی ضرورت کو شدید تر کر دیا۔ چنانچہ
کسی خیال کا جب وقت سر پہ آ جائے
حیات کو اسے ایجاد کرنا پڑتا ھے
کے مصداق اس کام کے لیے ایک بار پھر ون اردو کے سینئیر ساتھیوں کی ایک ٹیم کو میدان میں اترنا پڑا۔

اس موقعے پر میں محترم یازغل بھائی اور ان کی تمام ٹیم کا تہہ دل سے شکر گزار ھوں جنہوں نے دن رات کی محنت شاقہ سے اس نیک کام کی نیک دلی سے بنیاد رکھی۔

ویسے تو کسی بھی زبان میں نیا میگزین نکالنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا ھی پڑتا ھے لیکن اردو میں ان مشکلات کا دائرہ اور بھی وسیع ھو جاتا ھے۔ اس کام کو مشکل ترین بنانے میں یہ بات بھی شامل ھے کہ میگزین کی تمام ٹیم آج تک میگزین نکالنے کے تجربے سے نہیں گزری تھی۔ مثلا اسی بات سے اندازہ لگائیے کہ صرف سرورق کے ھی پچاس سے زائد ڈیزائن تیار کیے گئے۔ اس کام میں جتنی محنت درکار ھے وہ شوق ِ جنوں کے بغیر ممکن نہیں۔ تاھم اس جوئے شیر کو خُون ِ دل سے سینچ لینے کے بعد جواں جذبوں اور بلند ارادوں پر مشتمل یہ ٹیم ، اب اردو ادب کی بہتر طور پر خدمت کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ھے۔

میں اس موقع پر یہ خوش خبری بھی دینا چاھتا ھوں کہ ون اردو کے پلیٹ فارم سے یہ میگزین حرف ِ آخر نہیں۔ ان شااللہ جیسے جیسے ھمارے وسائل ، تجربہ ، باصلاحیت افرادی قوت اور راھنمائی کرنے والے قارئین کی تعداد بڑھتی جائے گی ھم دیگر موضوعات پر بھی میگزین جاری کریں گے۔

آپ سے درخواست ھے کہ اس عاجزانہ کوشش کو بیش از پیش بہتر اور مؤثر بنانے میں جس قدر بھی ھماری مدد کر سکیں ضرور کیجیے۔

خداوند ِ متعال سے دعا ھے کہ یہ ترقی کا سفر جاری و ساری رھے۔

خیر اندیش
ٹیم اردو