002 - آغاز سفر

آغازِ سفر

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم

بے شک سب تعریفیں اللہ ہی کے لئے ہیں جس کی رضا کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔ شکر ہے اس ذاتِ پاک کا جس نے ہمیں بھی اس قابل کیا کہ آج ہم اپنی اس چھوٹی سی دنیا کے لئے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔

ون اردو میگزین کے تصور پہ بات تو کافی پہلے شروع ہو چکی تھی، لیکن اس وقت یہی محسوس ہوا تھا کہ اس کام کے لئے مزید انتطار کرنا چاہئے کہ ابھی ہم اس مقام پہ نہیں پہنچے کہ بہتر کوالٹی کے ساتھ اپنا میگزین نکال سکیں۔ تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ ون اردو کے ممبران کی صلاحییتیں اور ٹینلنٹ ہم سب پہ آشکار ہوتا گیا اور ہمیں یہ اندازہ ہونے لگا کہ ہر آنے والا دن ہمیں اپنے اس مطمعٔ نظر کے قریب تر کرتا جا رہا ہے۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا، اس کے زیادہ تر مراحل آپ سب کے سامنے ہی ہیں۔

سب سے زیادہ مسرت کی بات یہ ہے کہ اس میگزین کا ہر کام ہمارے اپنے ممبران نے کیا ہے۔ ہمارے لئے کافی آسان ہو سکتا تھا کہ ہم تمام تحاریر اکٹھی کر کے کسی پروفیشنل ڈیزائنر سے ایک آدھ دن میں اس کا میگزین بنوا لیتے۔ تاہم میرے خیال سے نہ اس سے ہمیں کسی اچیومنٹ کا احساس ہوتا اور نہ ہی وہ خوشی اور اطمینان ہوتا جو کہ اس وقت ہم سب محسوس کر رہے ہیں۔

"چونکہ ہر کام پہلی دفعہ کرنا مشکل لگتا ہے، اس لئے بہتر یہ ہے کہ آپ آغاز ہی دوسری دفعہ سے کیا کریں"۔ (ڈاکٹر یونس بٹ)

چونکہ یہ پہلا شمارہ تھا، اور میرے سمیت ہم میں سے کسی کو بھی پہلے اس کام کا تجربہ بالکل بھی نہیں تھا۔ اس لئے اسی شمارے کو بنانے کے عمل میں ہی ہمارا سیکھنے کا عمل بھی شامل تھا، تو اسی وجہ سے کافی تاخیر بھی ہو گئی۔ ویسے تو ڈاکٹر یونس بٹ کی اس بات پہ عمل کر لیتے تو کام جلدی ہو جاتا، لیکن یہ بیان میں نے بعد میں پڑھا۔

میں ون اردو میگزین کی چھوٹی سی ٹیم کا بہت سا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اتنی محنت سے میگزین کے لئے کام کیا اور ہر مرحلے میں مدد کی۔ خاص طور پر ڈیزائننگ سیکشن کے دونوں ممبران ہوشربا اور حرفِ دعا بہنوں پہ کام کا بہت زیادہ لوڈ تھا۔ لیکن انہوں نے انتہائی شاندار اور توقعات سے بڑھ کر کام کیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مدیرِ اعلی مونا جی اور باقی تینوں سیکشن انچارج یعنی عمران نیئر (شاعری)، امان (سائنس و آئی ٹی) اور بنتِ حوا (خواتین سیکشن، چلڈرن سیکشن) کا بھی بہت شکریہ کہ انہوں نے اپنے اپنے سیکشن کا کام بہت اچھے طریقے سے سنبھالا۔

لیکن ان سب سے زیادہ خراجِ تحسین اور شکریہ کے مستحق ہیں ہمارے ممبران کہ جنہوں نے اس میگزین میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ہر مرحلے پہ اپنی قیمتی تجاویز سے نوازا۔ یہ ممبران ہی کا جوش و خروش تھا کہ جس کی وجہ سے ہمیں ون اردو میگزین کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کی موٹی ویشن ملی۔

اور آخری بات یہی کہ یہ پہلا شمارہ ہے اور ہماری آپ کی مشترکہ لیکن امیچور محنت کا نتیجہ ہے۔ اس میں یقینا" بہت سی خامیاں نظر آئیں گی جن کے لئے معذرت۔ لیکن ساتھ ہی یہ امید بھی کہ ان شاءاللہ ہر آنے والا شمارہ پہلے سے بہتر ہو گا۔
شکریہ
اللہ حافظ