001 - فاخرہ بتول کا انٹرویو: حرف دعا

السلام علیکم !
آج ہم آپ کو ایک بہت اسپیشل شخصیت سے ملانے جارہے ہیں۔ ویسے تو آپ ان سے مل چکے ہیں۔ مگر آج تفصیلی ملاقات ہونے والی ہے۔
کچھ دن پہلے ان کی ون اردو پر آمد ہوئی اور اس شمارے کے لیے ان کا انٹرویو کرنے، میں ان کے "میسج باکس" میں پہنچ گئی۔ میں نے دروازہ کھٹکھٹایا تو وہ ہمارے سامنے تھیں اور ہم آنکھیں جھپکے بغیر انہیں دیکھے جارہے تھے۔ انہوں نے کہا "اِسے تم خواب مت سمجھو" تو ہم نے جلدی سے کہا "تم میرے کچھ بھی نہیں" مگر اگر آپ سے کوئی فرمائش کریں تو؟ جواب آیا "مانگ کے دیکھو۔" ہم نے کہا کہ ون اردو میگزین کے لیے انٹرویو دینا پسند کریں گی؟ انہوں نے کہا "معجزے اب یہاں نہیں ہوتے۔" یہ سن کر ہم نے منہ لٹکاتے ہوئے کہا "مجھے روٹھنے نہ دینا" اور انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا "پہلے کہہ دیا ہوتا"۔ ۔ ۔ "چلے آؤ " اور اپنا میسج باکس کھول کر ہمیں ہمارے سوالات سمیت اندر بلالیا۔
(ویسے سچ بتاؤں تو یہ سب میں نے سوچا ہی تھا ورنہ تو پہلی دستک پر کھٹ سے دروازہ کھل گیا تھا۔)
آپ کی ڈھیر ساری تالیوں میں، میں دعوت دیتی ہوں فاخرہ بتول جی کو۔

آپ کا پورا نام کیا ہے؟
فاخرہ بتول۔

آپ کی تعلیم کتنی ہے؟
M.A. (اردو لٹریچر) پنجاب یونیورسٹی B.ed

کہاں رہتی ہیں؟
راولپنڈی، پاکستان۔

آپ کا ستارہ کیا ہے، کیا ستاروں پریقین ہے؟ اگر ہے تو کتنا ہے؟
لیو۔ ۔ ۔ کچھ کچھ ۔

پہلی دفعہ نظم، غزل کب لکھی تھی؟ اور سب سے پہلے کسے پڑھوائی تھی؟
پہلی نظم/ غزل کون سی تھی؟
یاد نہیں۔

آپ کے پسندیدہ شاعر/شاعرہ؟
فیض۔ ۔ عدیم ہاشمی۔

پسندیدہ نظم/ غزل شعر کون سا ہے؟
کوئی خاص نہیں۔

کون سے ادیب پسند ہیں؟
منٹو، شفیق الرحمٰن۔

آپ کی پہلی کتاب کا نام؟
پلکیں بھیگی بھیگی سی۔

پہلی کتاب کب شائع ہوئی اور اس پر آپ کے تاثرات کیا تھے؟
1994 بہت خوش تھی۔

آپ کی اب تک کتنی کتب شایع ہوچکی ہیں اور ان کے نام؟
میری 14 کتب مارکیٹ میں ہیں۔

1) پلکیں بھیگی بھیگی سی
2) چاند نے بادل اوڑھ لیا
3) کہو وہ چاند کیسا تھا؟
4) اب بھرے شہر میں مجھے ڈھونڈو
5) دور مت نکل جانا
6) سمندر پوچھتا ہوگا
7) بھلا دیا نا۔ ۔ ۔ ؟
8 ) گلاب خوشبو بنا گیا ہے
9) محبت کی نہیں تم نے
10) تمہیں ہم یاد آئیں گے
11) دشتِ تنہائی
12) محبت خاص تحفہ ہے
13) شر عادتیں (طنز و مزح)
14) سرگوشی (کالمز)

زیادہ تر وقت کہاں گزارتی ہیں؟
گھر۔

کوئی ایسے لمحات یا دور جس کے لوٹ آنےکی خواہش ہو؟
جب میرے ابو اور بھائی سید اجتبٰی حیدر نقوی حیات تھے۔

اگر ماضی کی کسی شخصیت سے ملنے کا موقع ملے تو کس سے ملنا چاہیں گی اور کیوں؟
نہیں کسی سے نہیں ملنا چاہتی۔

حالات حاضرہ سے دلچسپی ہے؟
بالکل ہے۔

اخبار کون سا پڑھتی ہیں اور کون سا صفحہ سب سے پہلے دیکھتی ہیں؟
جو سامنے آئے دیکھ لیتی ہوں۔ ۔ ۔پہلا صفحہ۔

زندگی میں کیا بننا چاہتی ہیں یا چاہتی تھیں اور کیا ہیں؟
جو ہوں مطمئن ہوں۔

اگر آپ شاعرہ نہ ہوتیں تو کیا ہوتیں؟
تو ڈیزائنر ہوتی۔

زندگی کا فلسفہ بتائیں۔
محبت۔

آپ کی نظر میں محبت کیا ہے؟
محبت کی یہی تعریف ہے کہ یہ "محبت" ہے (فاخرہ بتول)۔

آپ کی نظر میں دوست کیا ہے؟
دوست وہ ہے جو تمہارے بُرے وقت میں بھی "دوست" ثابت ہو۔

دوست کتنے ہیں؟ دوست بناتے وقت کسی میں کیا خوبی دیکھتی ہیں؟
دوست ایک ہے۔ ۔ ۔ اس کا خلوص جو اس کے عمل سے ظاہر ہو، نہ کہ صرف زبان سے۔

خود سے چھوٹوں پر رعب جماتی ہیں؟
نہیں بچوں سے عشق ہے۔

خود کو کیسا انسان دیکھنا چاہتی ہیں یا کوئی ایسی عادت جو اپنانا چاہتی ہوں؟
جیسی ہوں۔ ۔ ۔ دوسروں پر جلد بھروسہ کرنے والی عادت سے نالاں ہوں۔

آپ کی اچھی عادت یا خوبی؟
تکبّر سے مولا نے ہمیشہ بچا کر رکھا ہے۔

ایک بری عادت؟
دوسروں پر جلد بھروسہ کرلیتی ہوں۔

کیا آپ کا کوئی تکیہ کلام ہے؟ اگر ہے تو کیا ہے؟
نہیں۔

کتنی صفائی پسند اور نفاست پسند ہیں؟
نارمل۔ ۔ ۔ جتنا ہونا چاہئے۔

آپ کے فیملی ممبرز کون کون ہیں؟ گھر میں سب سے زیادہ کس کے قریب تھیں یا ہیں؟
میرے ماشاءاللہ دو بچے ہیں۔ ۔ ۔ اسکول گوئنگ۔ ۔ ان سے ہی زیادہ قریب ہوں۔

اپنی باتیں کس کے ساتھ شیئر کرتی ہیں ؟
اپنے "دوست" سے۔

کیا گھر میں اور گھر سے باہر رویہ ایک سا ہوتا ہے؟
جی بالکل، میں گھر اور باہر ایسی ہی ہوں۔

ناراض ہوتی ہیں، اگر ہاں تو کن باتوں پر اور کتنی مدت کے لیے؟
ہاں۔ ۔ ۔ کوئی منا لے، تو جلد مان جاتی ہوں۔

زیادہ بولتی ہیں یا خاموش طبع ہیں؟
نہ زیادہ نہ کم۔

اگر کوئی غلطی پر ہو اور مستقل بحث پر آمادہ ہو تو آپ کا کیا رد ِعمل ہوتا ہے یا ہوگا؟
خاموشی اختیار کرلوں گی۔ تاکہ اس کو خود اپنی غلطی کا احساس ہو۔

سیاست سے دلچسپی ہے؟ کتنی ہے؟
زیادہ نہیں۔ ۔ ۔ بھٹو کو لیڈر مانتی ہوں۔

کیا آپ دور اندیش ہیں؟ اندازے کیسے ہیں؟
نہیں اندازے غلط نکلتے ہیں۔

مضبوط اعصاب کی مالک ہیں یا حسّاس ہیں؟
حسّاس۔

کتنی زبانیں جانتی ہیں؟
پنجابی، اردو، انگلش، "محبت"۔

کون سی زبان سے محبت ہے اور کون سی زبان سیکھنے کا شوق ہے؟
محبت کی زبان سب سے زیادہ پسند ہے۔

کسی تقریب میں جانا ہو تو تیاری میں کتنا وقت لیتی ہیں؟
پانچ منٹ۔ ۔ ۔ میک اپ سے نفرت ہے۔

کیا تقریبات میں جلد گھل مل جاتی ہیں اور میزبان سے کتنی توجہ چاہتی ہیں؟
نہیں مجھے تقریبات میں جانا بالکل پسند نہیں۔

کون سے کام کرکے بہت خوشی محسوس کرتی ہیں؟
کسی کے کام آ سکوں تو خوشی ہوتی ہے۔

ٹینشن میں ہوں تو خود کو کیسے ریلیکس کرتی ہیں؟
سو جاتی ہوں۔

غصہ کتنی جلدی آتا ہے؟ سب سے زیادہ کس بات پر غصہ آتا ہے؟
غصہ جلد آتا ہے، جلد اتر جاتا ہے۔ جھوٹ، بناوٹ اور منافقت پر آتا ہے۔ خود نہیں کرتی، کوئی کرے تو برداشت نہیں ہوتا۔

غصہ آئے تو کیا کرتی ہیں؟
خود کو بزی کر لیتی ہوں یا سو جاتی ہوں۔

آپ کی نظر میں اعلٰی مقام حاصل کرنے کے لئے کیا ضروری ہے؟
انسانوں کو عزت دو۔ ۔ ۔ انسانیت کا احترام کرو۔

پہلا " فین" اب تک یاد ہے یا نہیں؟
نہیں۔

جب لوگ آپ کی شاعری کی تعریف کرتے ہیں تو کیسا محسوس کرتی ہیں؟
اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔

مغرور ہونے کے چانسز تو نہیں؟ (ویسے لگتی تو نہیں ہیں۔)
مغرور کس بات پر۔ ۔ ۔جس نے یہ مقام عطا کیا ہے وہ جب چاہے چھین سکتا ہے۔

اب انٹرنیٹ پر بھی کافی فینز اور اے سیز (جو فینز سے دو ہاتھ آگے ہیں) مل گئے ہیں تو اچھا لگتا ہے یا پریشان ہوجاتی ہیں؟
فینز کی قدر کرتی ہوں۔ حوصلہ بڑھتا ہے۔

ون اردو پر آئے زیادہ وقت نہیں ہوا مگر پھر بھی آپ کو ون اردو اور اس کے میمبرز (آہم آہم) کیسے لگے؟

بہت اپنے۔ ۔ ۔ ان میں اجنبیت کا احساس تک نہیں ہوا۔ خاص کر تم دعا۔
عمران کا بھی شکریہ۔ کہ ان کی وجہ سے میں اپنی آمد سے قبل وہاں موجود تھی۔

سوال تو بہت سارے ہیں مگر ابھی آپ نئی نئی ہیں اور ہم نہیں چاہتے کے آپ ون اردو میمبرز کے سوالات سے گھبرا جائیں۔ اس لیے ابھی کے لیے اتنے ہی۔ مگر جاتے جاتے ہمارے ون اردو میمبرز کو اپنی کوئی غزل/نظم ڈیڈیکیٹ کرتی جائیے۔

"اور ہم دونوں ہار گئے ہیں۔ ۔ ۔"
اس نے پوچھا
ربطِ بہم کی کوئی صورت؟
میں نے کہا، تم فون کرسکتے ہو مجھ کو،
لکھنا چاہو تو خط لکھ لو
وقت اگر مل جائے تو مل لینا آ کر
بولا، چھٹی لینا بھی ہے
جوئے شیر کو لانے جیسا
لاکھوں اور بکھیڑے سر پر،
جان سے لپٹے
سوچ رہا ہوں۔ ۔ ۔
پنڈی میں ہی آن بسوں میں
یوں ہر روز ملوں گا تم سے
لیکن نوکری اک مسئلہ ہے
دیکھا تم نے۔ ۔ ۔؟
جیت گئے آخر جیون کے گورکھ دھندے
اور ہم دونوں ہارگئے ہیں۔ ۔ ۔
(فاخرہ بتول)

میں ون اردو کی تمام ٹیم کی شکر گزار ہوں۔ ان کی محبتیں مجھ پر ان کا قرض ہیں۔ ۔ ۔

"ون اردو"
جب سے ون اردو کو جانا
میں نے اس کو اپنا مانا
ہر پل اس میں گم رہتی ہوں
اور تو اب کچھ بھاتا کم ہے
دھیان کہیں بھی جاتا کم ہے
سوچتی ہوں یہ گھر ہے میرا
اس میں "دعا " کا ساتھ ملا ہے
سب کا ہاتھ میں ہاتھ ملا ہے
اب یہ ساتھ نہیں ٹوٹے گا
یہ سنسار نہیں ٹوٹے گا
(فاخرہ بتول)

دونوں نظمیں بہت اچھی ہیں فاخرہ جی۔ خاص طور پر ون اردو کے لیے لکھنے کا بہت شکریہ۔ ہمارے میگزین کے لیے وقت نکالنے پر ون اردو میگزین کی پوری ٹیم کی طرف سے آپ کا بے حد شکریہ۔ ہمیں آپ کے بارے میں جان کر بہت اچھا لگا۔ اور مجھے یقین ہے سب میمبرز کو یہ انٹرویو یقیناً بہت پسند آیا ہوگا۔
اگلے شمارے تک کے لیے اپنی میزبان حرفِ دُعا کو اجازت دیجیے۔
اللہ حافظ ۔