001 - عرض حال

عرض حال

السلام علیکم قارئین ون اردو
ماہ اگست ہر پاکستانی کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے چاہے وہ دنیا میں کسی بھی خطّے کا باسی ہو سبز پرچموں کی بہار کا مہینہ، ایک مقدس عہد کی نشانی، جو ہمارے بزرگوں نے اس یقین کے ساتھ ہم کو سونپی ہے کہ ہم ایفائے عہد کریں گے اور قیام پاکستان کا مقصد پورا کریں گے۔۔ اس کے ساتھ ہی برکتوں کا مہینہ سایہ فگن ہے۔۔ آپ سب کو رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو۔ اللہ سبحان و تعالٰی نے ایک بار پھر خوش نصیبی عطا کی کہ رمضان کریم کے فیوض و برکات سے مستفید ہوسکیں۔۔۔ مہینہ بھی وہی ہے اور وہی رمضان کی مقدس ساعات ہیں اسی ماہ میں پاکستان عطا ہوا تھا۔۔ آئیے اللہ سبحان و تعالٰی سے اپنے پاکستان کے لیے خیر و برکت مانگیں۔۔

اجتماعیت کا ہماری قوم میں فقدان ہے۔ اس کا نتیجہ آج کل حالات ہیں۔۔۔ تبدیلی زندگی کا استعارہ ہے یہ وقت بھی گزر جائے گا۔۔ ہم ان شاء اللہ کامیاب ہوں گے۔

یہ خصوصی شمارہ ہے اس میں آپ کی تحاریر نے رونق بخشی ہے۔۔ آزادی کی جھنکار ہے تو کہیں عید کی تیاریاں تو کہیں رمضان کے پکوان۔ کچھ خصوصی تحاریر لکھی گئی ہیں جو کہ ہمارے ساتھی ممبران نے خاص موقعے کے حوالے سے لکھی ہیں۔ آپ کی آراء، محبتوں کے بےچینی سے منتظر۔ تاکہ آپ کے ماہنامہ ون اردو کو آپ کی توقعات کے مطابق آراستہ و پیراستہ کیا جا سکے۔۔ آپ کی خاطر داری ہمارا شعار ہے اور یقیناً آپ ہمیں لاپروا نہیں پائیں گے۔

آزادی، رمضان، عید اور اس کے ساتھ ساون۔ کوئل کی کوکیں، ٹھنڈے برف لگے ہوئے آم، باغوں میں پڑے جھولے، آزادی کا احساس۔۔۔ نعمتوں کی قدر کیجیے۔۔ شکر واجب ہے، درگزر کیجیے۔۔ خوش رہیے۔۔

یاد رکھیے گا اجتماعی مفاد/ زندگی میں "میں" سے زیادہ "آپ" اہم ہے۔

اپنا بہت خیال رکھیے گا۔
مدیرہ اعلٰی: مونا سیّد