002 - نیٹ ورک بنانا تحریر امان

نیٹ ورک بنانا:

السلام علیکم

بہت سے یوزرز یہ سوال پوچھتے ہیں کہ دو کمپیوٹر کو ایک ساتھ کیسے منسلک کیا جائے۔ اس کے لیے کچھ ابتدائی اور آسان نیٹ ورکنگ معلومات آپ کے لیے حاضر ہیں۔

نیٹ ورک کیوں بنایا جائے:

اکثر اوقات ایک ہی گھر میں دو کمپیوٹر ہوتے ہیں اور کسی ایک پر پرنٹر انسٹال ہوتا ہے یا انٹرنیٹ سروس ہوتی ہے۔ تو دوسرے کمپیوٹر کے کام کا پرنٹ لینے کے لیے یا تو پرنٹر اس سے منسلک کریں یا یو ایس بی، سی ڈی وغیرہ سے کاپی کر کے پہلے والے سے پرنٹ لیا جائے۔ یا پھر دوسرے کمپیوٹر پر انٹرنیٹ سروس درکار ہے تو اس کے لیے الگ سے لی جاتی ہے یا پھر پہلے والے کنیکشن کو دوسرے پر لایا جاتا ہے۔ یہ سب کافی وقت طلب کام ہے اور بار بار کرنے میں کوفت ہوتی ہے۔ اس سے بچنے کا حل یہی ہے کہ دونوں کمپیوٹر کو ایک ساتھ منسلک کردیا جائے یعنی نیٹ ورک بنا لیا جائے۔ جو کہ تیز رفتار بھی اور کم خرچ بھی۔

نیٹ ورک بنانے کے لیے کن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے:

نیٹ ورک بنانے کے لیے آپ کو دو بیسک چیزوں کی ضرورت ہوگی۔

1) لین کارڈ

یہ تقریباً ہر کمپیوٹر بلٹ ان میں موجود ہوتا ہے، اگر نہیں ہے تو آپ مارکیٹ سے خرید سکتے ہیں کم سے کم ڈھائی سو اور زیادہ سے زیادہ جتنے کا بھی خریدنا چاہے۔ یہ چیک کرنے کے لیے کہ آپ کے کمپیوٹر میں لین کارڈ ہے کہ نہیں۔ اپنے سی پی یو کے پچھلے حصے کی طرف دیکھیں۔ جس طرح سے ٹیلیفون کا کنیکٹر جہاں لگتا ہے بالکل ویسا ہی دکھائی دے گا مگر اس سے بڑا سائز میں۔ دونوں کمپیوٹر میں لین کارڈ کا ہونا لازمی ہے۔

2) نیٹ ورک کیبل:

یہاں میں UTP-CAT5 کیبل کا استعمال کروں گا۔ مارکیٹ سے آسانی سے مل جائے گی، کیبل کی لمبائی اس بات پر منحصر ہے کہ دونوں کمپیوٹر کے درمیان کتنا فاصلہ ہے۔ کیبل کے دونوں سروں پر RJ-45 کنیکٹر لگیں گے۔

فی الحال یہاں ابتدائی معلومات کی بات چل رہی ہے تو کیبل بنانے کا طریقہ پھر کبھی، ابھی آپ مارکیٹ سے خرید سکتے ہیں بنی بنائی لمبائی کے حساب سے۔

یہاں کیبل کے بارے میں ایک بات اور ضروری ہے کہ نیٹ ورک کیبل دو طرح کی ہوتی ہیں:

1) کراس اوور (Cross Over)

یہ اس وقت بنائی جاتی ہے جب دونوں سروں پر ایک جیسی ڈیوائس ہوں جیسے ایک کمپیوٹر کے لین کارڈ کو دوسرے کمپیوٹر کے لین کارڈ سے منسلک کرنا ہے، یا دوسری ڈیوائس جیسے ہب، سوئچ وغیرہ کو ایک دوسرے سے منسلک کرنا ہو۔ ابھی ہمیں کمپیوٹر سے کمپیوٹر یعنی لین کارڈ سے لین کارڈ کو تو یہاں ہم کراس اوور کیبل ہی استعمال کریں گے۔

2) اسٹریٹ تھرو (Straight Through)

یہ اس وقت بنائی جاتی ہے جب دونوں سروں پر مختلف ڈیوائس ہوں مثلاً لین کارڈ کو سوئچ سے یا ہب سے۔

نیٹ ورک کیسے بنایا جائے:

یہاں ہم فرض کرلیتے ہیں کہ دو کمپیوٹر ہیں: کمپیوٹر "A" اور کمپیوٹر "B" اور فی الحال ہم یہاں ابتدائی طور پر یہ فرض کرلیتے ہیں کی کمپیوٹر "A" کے ساتھ پرنٹر منسلک ہے۔ اب ہم دونوں کمپیوٹر کو آپس میں منسلک کرتے ہیں:

1) لین کارڈ انسٹالیشن:

سب سے پہلے ہمیں دونوں کمپیوٹر پر لین کارڈ دیکھنا ہوگا کہ وہ صحیح طرح سے انسٹال ہے کہ نہیں۔ اگر پہلے سے موجود ہے تو:

* مائی کمپیوٹر پر رائٹ کلک کر کے پراپرٹیز میں جائیں، اوپر ہارڈ ویئر پر کلک کریں اور پھر وہاں ڈیوائس منیجر پر کلک کریں۔ یہاں آپ کو پوری فہرست نظر آجائے گی آپ کے کمپیوٹر کے ہارڈ ویئر کی۔ اس لسٹ میں "Network Adapter" لکھا نظر آئے گا۔ اس پر ڈبل کلک کریں، اگر آپ کو لین کارڈ انسٹال ہے تو ادھر آپ کو اس کی کمپنی کا نام لکھا نظر آجائے گا اور ساتھ میں لین کارڈ کا آئکن بھی۔ اگر اس کے آگے پہلے کلر کا نشان سا نظر آرہا ہے تو اس کا مطلب آپ کا لین کارڈ صحیح انسٹال نہیں۔ یا اگر Ethernet Controller کر کے لکھا ہو تو اس کا مطلب یہی ہے کہ آپ نے لین کارڈ انسٹال کرنا ہے۔ اس کے لیے آپ اس پر ڈبل کلک کریں اور ری انسٹال ڈرائیور پر کلک کریں۔ پھر اپنے لین کارڈ کا ڈرائیور وہاں دیں اور انسٹال کرلیں۔ ری اسٹارٹ کرنے کے بعد ایک بار پھر چیک کرلیں کہ اب آپ کا لین کارڈ صحیح انسٹال ہے کہ نہیں۔

بالکل یہی اسٹیپ دوسرے کمپیوٹر پر بھی اپلائی کریں۔

2) نیٹ ورک سیٹنگ:

کمپیوٹر A کے ڈیسک ٹاپ پر آپ کو "My Network Places" کا آئکن نظر آئے گا۔ اس پر رائٹ کلک کرکے پراپرٹیز میں جائیں۔ اس کی ونڈو میں آپ کو "Local Area Connection" نظر آئے گا۔ اس پر بھی رائٹ کلک کرکے پراپرٹیز میں جائیں۔ اب یہاں آپ کو ایک لسٹ نظر آئے گی "General" کے ٹیب میں۔ اس لسٹ میں سے "Internet Protocol (TCP/IP)" پر چیک لگا ہونا چاہئے اور اس کو سلیکٹ کرکے پراپرٹیز کے بٹن پر کلک کریں۔

یہاں آپ کو ایک اور ونڈو ملے گی جس میں "Obtain an IP Address Automatically" وغیرہ لکھا نظر آئے گا۔ وہاں "USE THE FOLLOWING IP ADDRESS" کو سلیکٹ کر کے یہ سیٹنگ رکھیں:

* آئی پی ایڈریس: 192۔168۔0۔1

* سب نیٹ ماسک: یہ خود ہی آجائے گا جب آپ اس کے باکس پر کلک کریں گے جو کہ کچھ اس طرح سے ہوگا 255۔255۔255۔0 اگر نہیں آتا تو آپ خود بھی ٹائپ کر سکتے ہیں۔

* ڈیفالٹ گیٹ وے کو آپ بلینک چھوڑ دیں

یہی سب کچھ کمپیوٹر B میں بھی کیا جائے گا بس فرق اتنا ہوگا کہ آئی پی ایڈریس 192۔168۔0۔1 کی جگہ 192۔168۔0۔2 لکھا جائے گا اور ڈیفالٹ گیٹ وے میں 192۔168۔0۔1 لکھا جائے گا۔

اب دونوں کمپیوٹر کو ریسٹارٹ کرلیں۔

نوٹ: دونوں کمپیوٹر کے نام لازمی طور پر مختلف ہونے چاہئے۔ ایک جیسے نام نہیں چل سکتے اور یہ سیٹنگ ونڈوز ایکس پی کے لیے ہے بس۔

نیٹ ورک کی جانچ:

اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ سب کام ٹھیک ہوا کے نہیں۔ سب سے پہلے نیٹ ورک کیبل کو دونوں کمپیوٹر کے لین کارڈ میں لگا دیں۔ اگر لین کارڈ کی LED جل رہی ہیں تو اس کا مطلب لین کارڈ کام کر رہا ہے اور کیبل بھی۔

اب آپ کمپیوٹر B پر رہتے رہتے، اسٹارٹ مینو پر کلک کرکے RUN میں جائیں اور وہاں یہ لکھیں:

"ping 192.168.0.1 -t"

(بغیر کوٹیشن کے لکھنا ہوگا)

آپ کے سامنے ڈاس پرامٹ کی ونڈو کھل جائے گی جس میں ریپلائی آنا شروع ہو جائے گا کمپیوٹر A سے، جو کہ کچھ اس طرح سے ہوگا:

Reply from 192.168.0.1: bytes 32 وغیرہ وغیرہ۔ کچھ دیر دیکھیں کہ یہ ریپلائی بالکل صحیح آ رہا ہے کہ نہیں، اگر صحیح ہے تو اس کا مطلب کمپیوٹر B کی سیٹنگ بالکل اوکے ہیں۔ اور اگر ریپلائی نہیں آتا بلکہ اس کی جگہ کچھ اس طرح سے آئے یا ریپلائی آتے آتے بیچ بیچ میں ایسا آئے:

Request Time Out وغیرہ تو اس کا مطلب سیٹنگ میں کوئی گڑبڑ ہے یا کیبل میں بھی پرابلم ہوسکتی ہے۔

بالکل یہی چیکنگ کمپیوٹر A پر جا کر کرنی ہوگی، اب وہاں رن میں کمپیوٹر B کی آئی پی ڈالنی ہوگی پنگ کے ساتھ:

"ping 192.168.0.2 -t"

یہاں بھی ایسے ہی کچھ دیر چیک کریں۔ اگر دونوں جگہ صحیح ریپلائی آرہا ہے تو مبارک ہو آپ کا نیٹ ورک بن گیا۔

فولڈر / پرنٹر شیئرنگ:

دونوں کمپیوٹر آپس میں منسلک ہو چکے ہیں۔ تو اب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ دونوں ایک دوسرے کو شیئر کیسے کر سکتے ہیں، فولڈرز ہوں یا پرنٹر:

* جس فولڈر کو شیئر کرنا ہے اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اس کو کاپی کر کے ونڈوز ایکس پی کے شیئرڈ فولڈر میں پیسٹ کر دیا جائے۔ یا پھر اس فولڈر پر رائٹ کر کے "شیئرنگ اینڈ سیکوریٹی" پر کلک کریں۔ یہاں آپ کو نیچے کچھ ایسا لکھا نظر آئے گا:

"Network Sharing and Security"

جس کے نیچے مسیج لکھا ہوگا اور ایک آپشن دیا ہوگا کہ "share this folder" اس پر کلک کرنے سے وہ دو آپشن دے گا کہ wizard کے ذریعے یا پھر just enable file sharing آپ انیبل فائل شیئرنگ پر کلک کردیں۔ اب اسی جگہ پر آپ کو ایک چیک باکس نظر آئے گا: "share this folder on the network" اس پر چیک لگائیں اور نیچے باکس میں نام لکھ دیں جس نام سے بھی آپ شیئر کرنا چاہتے ہیں وہ فولڈر۔

اس کے نیچے ایک اور چیک باکس ہوگا جو کہ اس لیے ہوتا ہے کہ جو بھی شیئر کرے اس فولڈر کو وہ اس میں تبدیلی کرسکتا ہے کہ نہیں جیسے ڈیلیٹ کرنا یا کچھ اور کاپی کرنا وغیرہ وغیرہ۔ یہ آپ کے اوپر ہے کہ آپ صرف ریڈ اونلی ایکسس دینا چاہتے ہیں یا پورا۔

اب اپلائی کر کے اوکے کردیں۔

اب دوسرے کمپیوٹر پر My Network Places اوپن کریں اور موجود WORKGROUP میں جائیں وہاں آپ کا پہلا والا کمپیوٹر موجود ہوگا اس کو اوپن کر کے آپ اس فولڈر کو ایکسس کر سکتے ہیں۔

(بائی ڈیفالٹ workgroup ہی ہوتا ہے، آپ اپنی مرضی کے مطابق بھی نام رکھ سکتے ہیں۔ بس دھیان یہ رکھنا ہوتا ہے کہ دونوں کا ورک گروپ ایک ہی ہو)

* پرنٹر شیئر کرنے کے لیے اس کمپیوٹر پر جائیں جس پر پرنٹر انسٹال ہے، وہاں اسٹارٹ مینو میں جاکر سیٹنگ میں جائیں اور پرنٹر اینڈ فیکس پر کلک کریں۔ نئی ونڈو میں آپ کے پاس آپ کے پی سی پر انسٹالڈ پرنٹر نظر آئے گا۔ اس پر رائٹ کلک کر کے "sharing" پر کلک کریں۔ اور share this printer کو سلیکٹ کر کے نیچے باکس میں اس کا نام دے دیں۔

اب دوسرے کمپیوٹر پر پرنٹر والی ونڈو میں جائیں اور وہاں ایڈ پرنٹر پر کِلک کریں، وہ دو آپشن دے گا آپ کو۔ دوسرا والا آپشن جو کہ نیٹ ورک پرنٹر کا ہوگا اس کو سلیکٹ کر کے نیکسٹ کریں، اور اگلی ونڈو میں بھی نیکسٹ کردیں یہ دیکھ کر کہ Browse for a printer سلیکٹ ہے۔ اگلی ونڈو میں وہ آپ کو ورک گروپ دکھائی گا اور پہلے والے کمپیوٹر کو شو کرے گا، اس پر ڈبل کلک کریں تو وہ پرنٹر شو کردے گا جو آپ نے شیئر کیا تھا، اسے سلیکٹ کر کے نیکسٹ کردیں۔ اگلی ونڈو میں اگر YES سلیکٹ کر کے نیکسٹ کر کے فنش کردیں، اب جب آپ کسی بھی ڈاکومنٹ کا پرنٹ بھیجیں تو وہاں پرنٹر میں سے آپ شیئرڈ پرنٹر جو ہے وہ سلیکٹ کر سکتے ہیں۔ ویسے بائی ڈیفالٹ وہی سلیکٹ ہوگا اب۔

اب مجھے اجازت دیجیے، انٹرنیٹ شیئرنگ کے لیے ان شاءاللہ پھر کبھی۔ باقی کوئی مشکل ہو تو فورم پر پوچھ سکتے ہیں۔