006 - تبصرہ: نون الف

چوتھے شمارے کی آمد میں ہونے والی تاخیر نے پانچویں کے متعلق بھی اسی طرح کے خدشات پیدا کردیئے تھے مگر صد شکر کہ وقت پر "مارکیٹ" میں آ گیا۔ سرورق حسبِ معمول دیدہ زیب اور موقع کے عین مناسب تھا۔ میگزین کی ضخامت کے پیشِ نظر کئی قسطوں میں، خدا خدا کرکے مکمل کیا۔ بلا مبالغہ شروع سے آخر تک، علاوہ چند ایک مستثنیات کے، پورا جریدہ بے حد معیاری رہا اور مستثنیات کو بھی اس لیے نظرانداز کردینا آسان ہے کہ پورا ادارہ اعزازی اراکین پر مشتمل ہے۔

سب سے پہلے تذکرہ کرنا چاہوں گا سائنس سیکشن کا جسے سمارا بہن اور امان بھائی نے بے حد خوبی سے سنبھال رکھا ہے۔ اس سیکشن کی خبروں اور "ٹپس اینڈ ٹرکس" کے تو کیا ہی کہنے ہیں، خاص کر رقص کرتی کی بورڈ لائٹس نے بہت مزہ دیا، مگر میگزین کا ہر اعتبار سے سب سے بہترین اور مکمل مضمون "اسٹیفن ہاکنگ کے ساتھ وقت میں سفر" تھا۔

اسلامی سیکشن سبق آموز اور معلومات سے پُر رہا۔ انشائیے بھی خوب رہے اور مضمون اور انداز ہائے بیان کے تنوع کے باوجود، بلکہ شاید اسی سبب سے سب نے مزہ دیا۔ بہترین افسانہ "فیصلہ" کو قرار دوں گا اگرچہ کہ "فریب نظر" بھی، اگر موجودہ طوالت کا نصف ہوتا، تو قریبی امیدوار ہوسکتا تھا۔

قسط وار تحریریں ٹھیک ٹھاک چل رہی ہیں۔ "دنیا کا پلِ صراط" کا اختتام بھی مناسب تھا۔ اب انتظار ہے کہ اس کی جگہ کوئی نیا سلسلہ کب شروع ہوتا ہے۔ ویسے یہ اور "وقت کی پکار" بالکل خواتین کے لیے مخصوص ڈائجسٹوں کا انداز لیے ہوتی ہیں مگر چونکہ میں ایک وقت میں ان ڈائجسٹوں سے بھی خاصا شوق فرماتا رہا ہوں اس لیے پڑھنے، سمجھنے اور سراہنے میں بالکل دِقّت نہیں ہوتی۔

سفرنامہ تنزانیہ اور مکاتیبِ دیس بدیس (باتصویر) پڑھ اور ملاحظہ فرما کر شوقِ آوارگی کو یک گونہ تسلّی ملی۔ امیدِ واثق ہے کہ یہ سب، اورمزید احباب بھی ایسی ہی تحریروں اور تصویروں سے آئندہ شماروں کو بھی مزیّن کرتے رہیں گے۔

گوشہِ شاعری میں صبیح اور سلیمان کی غزلیات اور شہزاد بھائی کی نمکین جنت "اسٹینڈ آؤٹ" تخلیقات رہیں۔ تفریح اور کھیل سے متعلق مضامین بھی بہت دلچسپ لگے۔ خواتین سیکشن البتہ چھوڑ دیا۔ ارادہ ہے کہ پرنٹ نکال کر گھر کی خواتین کے حوالے کردوں۔ پھر وہ جانیں اور ان کا کام۔

اپنی ایک پرانی شکایت کے ازالے پر "متعلقہ اتھارٹیز" کا شکریہ بھی ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ چوکھٹوں میں دیے گئے اقتباسات کا معیار گزشتہ کے مقابلے میں بدرجہا بہتر تھا!

آخر میں پوری ٹیم کا بے حد شکریہ کہ ان کی وساطت سے روز افزوں مہنگائی کے اس دور میں اتنا معیاری میگزین "بالکل مفت" میسر ہوجاتا ہے۔

ایسی مسجع، مرقع اور مقفعٰ اردو میں اظہارِ خیال کا بہت شکریہ۔ سائنس سیکشن کے بارے میں آپ کے تحسینی کلمات ہمارے لئے خصوصاً اس سیکشن کے انچارجز کے لئے از حد حوصلہ افزا ہیں۔ بہت شکریہ۔