007 - تبصرہ: طالعہ

خزاں کے رنگوں سے سجا اکتوبر کا شمارہ ملا۔ ڈیزائننگ ٹیم کی محنت کا اندازہ ٹائٹل سے ہی ہو رہا تھا۔ آخر ون اردو کی ڈیزائننگ ٹیم تھی، جو حرفِ دعا جیسی ٹیلنٹڈ ٹیچر کی شاگرد ہے۔
مدیرہ جی کا عرض حال پڑھا۔ بہت اچھا پیغام تھا۔ مدیرہ جی کو اب باقاعدہ کوئی ادبی میگزین جوائن کر لینا چاہیے۔
حمد و نعت پڑھنے کے بعد ان کے لکھنے والوں پر رشک آیا۔
قارئین کے تبصرے بھی پڑھے جو کہ خاصے دلچسپ تھے۔ خاص طور پہ حرفِ دعا کا تبصرہ پڑھ کر خاصی حیرت ہوئی اور اچھا بھی لگا۔

مصروفیت کی بناء پر تحریریں بہت کم پڑھی گئیں۔ جن میں سے کائنات کا "کتاب اور قاری" کے بارے میں تجزیہ اچھا لگا۔ میں بھی کبھی کبھی کیا بلکہ اکثر ہی کتاب کا ٹائٹل دیکھ کر کتاب کھولتی ہوں پڑھنے کے لیے۔ اگر ٹائٹل دل کو چھو جائے تو کتاب پڑھنے کو دل چاہتا ہے۔ کبھی کبھار کتاب ویسی بھی نہیں ہوتی جیسا سوچا ہوتا ہے۔ بہرحال یہ ایک اچھا تجزیہ تھا۔

"حج پر ایک نظر" ڈالنے اور اس کا احوال پڑھنے کے بعد بے ساختہ یہی دعا نکلی کہ اللہ تعالٰی سب کو اپنے گھر کی زیارت نصیب کرے۔ یہ ایک اچھا معلوماتی مضمون تھا۔
شمالی تنزانیہ کی سیر کرتے ہوئے ساؤتھ افریقہ کی یاد تازہ ہو گئی۔ اب تو عرصہ ہو گيا ایسے جانوروں کو کھلے پھرتا دیکھ کر۔ یہاں کینیڈا میں تو تقریباً ہر جانور ہی چڑیا گھر میں دیکھنا پڑتا ہے۔ بقول، ہم تو بھینسیں اور بکریاں بھی پیسے دے کر دیکھتے ہیں۔

مکتوب اٹک پڑھ کر بھی مجھے خاصی معلومات حاصل ہوئیں چونکہ بچپن کا ایک حصہ وہاں گزارا اس لیے بھی پڑھ کر اچھا لگا۔ اس وقت ہم دریائے اٹک پر پکنک منانے جاتے تھے۔ ناول اور افسانے بھی اپنی جگہ بہترین تھے۔
باقی سیکشنز پر تبصرہ پھر کبھی سہی۔
ایک بات اور یہ دیکھنے میں آئی کہ اس بار کے شمارے پر اقتباسات کی جیسے بارش سی ہو رہی تھی اور جو کوئی بھی یہ اقتباسات میگ کے اندر مختلف جگہوں پر فٹ کرتا ہے اسے شاید یہ سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کون سا اقتباس کہاں پر لگانا ہے۔ ون اردو فورم کے مصنفین کے ناول یا افسانے کے ساتھ ہی کسی اور مصنف کے ناول کا اقتباس دینا میرے خیال سے یہ دونوں قسم کے مصنفین کے ساتھ زیادتی ہے۔ اور تو اور سائنس سیکشن کو بھی نہیں بخشا گیا۔ اس میں بھی ایک آدھ اقتباس ڈال دیا گیا۔

اس کے لیے عرض یہ کرنا ہے کہ جس طرح شاعری کے لیے چند صفحات مخصوص کیے گئے ہیں اسی طرح "نثری انتخاب" یا کسی اچھے موضوع کے تحت اقتباسات کو بھی علیحدہ صفحات پر جگہ دی جائے۔ اس طرح پڑھنے میں بھی آسانی ہو گی اور یاد رکھنے میں بھی کہ کون سی بات کہاں پڑھی تھی۔
والسلام

پسند کرنے کا بہت شکریہ۔ اقتباسات کے سلسلے میں آپ کی نشاندہی اور تجاویز بہت مناسب ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم اقتباسات کو فلر کے طور پہ استعمال کرتے ہیں یعنی ایک تحریر کے بعد اگلی تحریر کو اگلے صفحے سے شروع کرنے کے لئے پچھلے صفحے پہ کچھ اقتباس وغیرہ سے اس صفحے کو مکمل کرنا پڑتا ہے۔ تاہم جس حد تک ہو سکا، ہم آئندہ اس کا خیال رکھیں گے۔ شکریہ۔