007 - مائیکرو سوفٹ کار ماڈل

مائیکرو سوفٹ کار ماڈل

چند سال قبل، بل گیٹس نے کار کے صنعت کاروں کا کمپیوٹر کی صنعت سے مقابلہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر "جی ایم موٹرز ٹیکنالوجی کے ساتھ کمپیوٹر کی صنعت کی طرح آگے بڑھتی رہتی تو آج ہم پچیس ڈالر کی کار چلا رہے ہوتے جو ہزار میل فی گیلن چلتی۔"

اس کے جواب میں جی ایم موٹرز نے پریس ریلیز میں بیان دیا کہ اگر جی ایم نے مائکرو سوفٹ جیسی ترقی حاصل کر لی تو ہم سب جو گاڑیاں چلائیں گے وہ ان خصوصیات کی حامل ہوں گی:

* بغیر کسی وجہ کے کار خراب ہو جائے گی اور وہ بھی دن میں دو بار۔

* ہر بار ایک نئی سڑک بننے پر نئی کار لینی پڑے گی، پرانی ناقابل استعمال۔

* اکثر و بیشتر گاڑی بند ہوتی رہے گی، اور آپ کو اس کو سڑک کے کنارے لگا کر، ساری ونڈوز بند کر کے، انجن بند کرنا پڑے گا اور پھر دوبارہ سے ریسٹارٹ کرنا پڑے گا اور ونڈوز کھولنی پڑیں گی، پھر گاڑی چلے گی۔

* کبھی کبھی بغیر وجہ کے گاڑی بند ہو جائے گی اور ری سٹارٹ ہونے کا نام نہیں لے گی، پھر آپ کو اس کا انجن دوبارہ انسٹال کرنا پڑے گا۔

* میک (MAC) کمپنی اپنی گاڑیاں بنائیں گی جو کہ شمسی (SUN) توانائی سے چلیں گی اور زیادہ محفوظ اور اچھی ہوں گی مگر وہ بس پانچ فیصد روڈ پر چل سکیں گی۔

* آئل، ٹمپریچر اور دوسری قسم کی وارننگ لائٹ صرف ایک وارننگ مسیج / لائٹ سے تبدیل ہوجائیں گی جو کہ ہو گا "اس گاڑی نے غیرقانونی کام انجام دیا ہے۔"

* ہر قسم کے کام کے لیے پہلے کنفرمیشن آئے گی کہ "آپ واقعی کرنا چاہتے ہیں۔"

* جب بھی کوئی نئی گاڑی مارکیٹ میں آئے گی، تو سب کو دوبارہ سے اسے آپریٹ کرنا سیکھنا ہو گا کیونکہ نئی گاڑی میں بہت سے طریق کار پرانی گاڑی سے مختلف ہوں گے۔

آخری مگر بہت دلچسپ

* آپ کو انجن بند کرنے کے لیے بھی "اسٹارٹ" بٹن دبانا پڑے گا۔