001 - پیش لفظ

پیش لفظ
پہلی کتاب کا پبلش ہونا پہلے قدم، پہلی کلاس، پہلی محبت جیسے محسوسات سے روشناس کرا رہا ہے۔ یہ نہیں کہوں گی کہ بچپن سے شوق تھا البتہ یہ بیج ضرور تب کچھ مہربانوں نے اندر بو دیا تھا۔ اور میں لاعلمی میں اس راہگزر پر قدم رکھ چکی تھی۔ سوچا نہ تھا کہ من کی دنیا کبھی اتنی بیکل اور بے چین ہو گی کہ اپنے اظہار کا موقع اور ذریعہ ڈھونڈے گی۔ اور مجھے اس راہ کا مسافر بنانے میں بلاشبہ میرے والد صاحب کا ہاتھ ہے۔ جنہوں نے انگلش کی بجائے اردو میڈیم سے میری ابتدا کرائی۔اور اردو زبان سے میری محبت کروائی۔ اور میری زندگی میں اسے پہلی اور اپنی زبان کے طور داخل کیا۔ گو زمانے کے چلن کا ساتھ دیتے انگلش بھی پڑھتی رہی مگر ہائیئسٹ مارکس ہمیشہ اردو میں پائے۔ پھر انھوں نے آہستہ آہستہ میری زندگی میں فارسی لینگویج بھی داخل کی اور کالج میں ہسٹری مضمون بھی انھی کے مشورے سے میں نے رکھا اور پڑھا۔ جس سے میرے مطالعہ کا دائرہ وسیع ہوتا گیا۔۔۔ اور ان سب سے بڑھ کر میرے اندر انھوں نے جذبات و احساسات کو محسوس کرنے، سمجھنے اور تخیل کو مضبوط بنانے کے لیے شاعری کی لطیف حس بھی بیدار کی۔ وہ خود برجستگی، شگفتگی سے مرقع انسان تھے اور یہ وصف مجھے ان سے ایک تحفے کی طرح ملا۔ مطالعہ اور اچھا مطالعہ کرنا اور ادب سے میری وابستگی انھی کی بدولت ہوئی۔ میں ان کی محبتوں کی بہت بڑی قرضدار ہوں۔
زندگی کے کارہائے انجام دیتے میں آگے تو بڑھتی رہی۔ مگر کبھی کبھی مجھے یہ بات ضرور سوچنے پر مجبور کرتی کہ مجھے اپنی زندگی ایک نارمل ذی نفس کی سی لگتی۔ وہ مقصد سمجھ میں نہ آتا۔ جس کے لیے مجھے حوا کا روپ دے کر دنیامیںبھیجا گیا۔ مشاہدوں کی دنیا میں گھوم ضرور رہی تھی۔ مگر ابھی قلم اور کاغذ جیسے رشتے سے دور تھی۔ آخر کار وہ وقت آ ہی گیا۔ اور مجھے یہ موقع ون اردو جیسے پلیٹ فورم نے دیا۔ جس پر میں نے اپنے آپ کو آزمایا اور یوں میرے لکھنے کی ابتدا ہوئی۔ اور میرا ڈائری لکھنے کا شوق ایک ذمہ داری کے صفحہ قرطاس تک جا پہنچا۔ اس مقام تک پہنچنے میں جن کرم فرماوں نے مجھے تعریف و توصیف، رسپانس اور مثبت نقادی سے نوازا ان کی میں تہہ دل سے ممنون ہوں۔ ساحرہ، آمنہ احمد، سمارا، نایاب، وش اور پبلشڈ شاعرہ رافعہ خان سائٹ ایڈمن و شاعر شہزاد بھائی اور احسان سحر بھائی ان سب کو خصوصی شکریہ کہنا چاہوں گی۔
میری پہلی کاوش اک امید کی صورت آپ کے سامنے ہے۔ میری تحاریر میرے لکھنے کا تعارف ہوں گی۔ آپ کا رسپانس میری آگے کی منازل طے کرنے کے لیے بہت ضروری ہو گا۔
kausar56@hotmail.de
کائنات بشیر
جرمنی
نوٹ:
عموما کسی بھی پبلش شدہ کتاب کے ایک سے زیادہ ایڈیشن نکلتے رہتے ہیں۔ لیکن یہ میری ای بک کا اضافہ شدہ ایڈیشن ہے۔ جس میں تھوڑی جدت پیدا کی گئی ہے۔ کور پیج اک نئی لکس کے ساتھ تیار ہوا ہے اور ای بک میں آرٹیکل ۔۔ کمپیوٹر یا کتاب ۔۔ کو میں نے از سر نو لکھا ہے اور کتاب میں چند نئے مضامین بھی شامل کیے گئے ہیں۔ سو پڑھیے اور مجھے بتائیے کہ ای بک میں یہ نیا پن آپ کو کیسا لگا ؟