001 - سوال آپ کے جواب ہمارے

السلام علیکم!
کچھ سوال یا کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں پڑھتے ہی ہونٹ خود بخود مسکرانے لگتے ہیں۔ ایسے ہی کچھ سوال جواب کا سلسلہ یہاں شروع کیا گیا ہے جس کی رونق آپ کے سوالوں کے دم سے ہے دیکھتے ہیں اس بار کس کس نے اس محفل میں شرکت کی ہے اور کیا سوال لے کر آئے ہیں لیکن اس کے بعد اگلے شمارے کے لیے سوال بھیجنا نہ بھولیے گا۔

سوالات: سمیر

*یہ دلپسند بھائی ہر بات کو تڑکا کیوں لگاتے ہیں؟

اصل میں دلپسند بھائی نے بچپن میں جو لوری سنی تھی، اس کا سب سے پہلا شعر تھا
صبح ہوئی نور کا تڑکا ہوا
ہشیار سکول کا لڑکا ہوا
بس تبھی سے تڑکا ان کے دل و دماغ میں رچ بس سا گیا ہے

*جب محبت اور جنگ میں سب جائز ہے تو محبت میں بھاگنے والے کو بے وفا اور جنگ میں بھاگنے والے کو بزدل کیوں کہتے ہیں؟

جیسے بھاگنے والے کو بھاگنا جائز ہے تو اسی طرح ان کو بے وفا یا بزدل کہنے پہ روک کیوں۔
سمجھا کریں نا بھائی، سب ہی جائز ہے۔

سوالات: ساحل

*مجھے رات کو سورج اور دن کو تارے کیوں نظر آتے ہیں۔۔۔؟
میرا ایک دوست تھا، اس کو رات کو سورج نظر آتا تھا، لیکن دن کو تارے نظر نہیں آتے تھے اور وہ آدھا پاگل تھا۔
آپ شاید پورے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

*محبت کرنے والے پاگل ہوتے ہیں تو نفرت کرنے والے کیا ہوتے ہیں۔۔۔۔؟
وہ بھی پاگل ہی ہوتے ہیں۔ نفرت اور محبت ملتی جلتی ہی چیزیں ہیں۔ بس پرسپیکٹیو کا فرق ہے۔

*کروڑ پتی سب گنجے کیوں ہوتے ھیں۔۔۔۔؟
اس بات پہ غور کر کر کے وہ "فارغ البال" ہو چکے ہوتے ہیں کہ ہمارے علاوہ کون کون بنے گا کروڑ پتی۔

*آج کے کمپیوٹر دور میں صرف لائٹ ہی کیوں آنکھ مچولی کھیلتی ھے۔۔۔؟
صرف لائٹ ہی کہاں آنکھ مچولی کھیلتی ہے جی۔ یہاں تو سب ہی آنکھ مچولی کھیلنے میں مصروف ہیں۔

*کھلی آنکھوں سے سپنے کیسے دیکھے جاتے ھیں۔۔؟
آپ شاید فلم سپنے کی بات کر رہے ہیں۔ ہیرو اروند سوامی، ہیروئن جوہی چاؤلہ۔ اب اس کو کھلی آنکھوں کے ساتھ نہ دیکھیں تو اور کیا کریں۔

*سر میں درد ہو تو دبانے کا کہا جاتا ہے اگر گلے میں درد ہو تو کیا کرنا چاہئے۔۔؟
اگر کسی کے گلے میں درد ہے تو دبانے کی کوشش کریں اور اگر اپنے گلے میں درد ہے تو پھر فقط صبر کریں۔

آنکھیں دو اور دو چار کرنا کس کو کہتے ہیں؟*
یہ تو ابتدائی حساب کا سوال ہے بھئی۔ جیسے دو جمع دو برابر ہے چار روٹیاں۔ ہیں جی۔

*لڑکیاں گنجی کیوں نہیں ہوتی۔۔۔؟
کیونکہ ان کے ناخن جو ہوتے ہیں۔

*شادی کے بعد لڑکی کو بے غم (بیگم) کیوں کہا جاتا ہے۔۔۔؟
غم خواری اور غم گساری کا ٹھیکہ کسی اور کو جو مل جاتا ہے۔

*شادیوں میں عموماً لڑکے، لڑکیوں کو منہ دکھائی دیتے ہیں یہ رول لڑکیوں پر کیوں لاگو نہیں ھوتا۔۔۔؟
لڑکے تو پہلے ہی سے منہ اٹھائے پھرتے ہیں بھئی یعنی سب ہی دیکھ چکے ہوتے ہیں۔ اور دلہن کو تو منہ دکھائی اس لئے دے دیتے ہیں کہ بھئی جلدی سے میک اپ کی پرتیں اتار کے اصل چہرے کی رونمائی کرا دو میرے سامنے ہی۔ ورنہ اگر لڑکے کے کہیں آگے پیچھے ہونے کے بعد میک اپ اتارا تو وہ دیکھ کے یہ نہ کہہ بیٹھے کہ بہن جی آپ کون اور کس سے ملنا ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔

سوالات: فائزہ

*ٹیم بھائی اگر ون اردو کا چارج مجھے دے دیں تو؟
تو پھر
انجامِ گلستاں کیا ہوگا
وغیرہ وغیرہ

*جیسے ہی سب خواتین ون اردو کھولتی ہیں میاں کو کام کیوں یاد آنے لگ جاتے ہیں؟
یہ سرور بھائی کی سازش ہو گی، لوڈ کم کرنے کے واسطے۔

* ون اردو کی سالگرہ کا کیک ہم کیسے کھائیں؟
چھری اور کانٹے سے کھائیں جی۔ کوئی مخصوص طریقہ نہیں ہے۔

* ٹیم بھائی سے پوائنٹس لینے کا آسان طریقہ کیا ہے؟
گن پوائنٹ پہ لینا سب سے آسان لگتا ہے۔