003 - نعت....فرید ندوی

نعت

جس نے آقا سے بد زبانی کی
آپ نے اُس پہ مہربانی کی

سرحدیں جسم سے دلوں تک ہیں
شاہِ بطحا کی حکمرانی کی

کیسے توصیف ہو سکے ہم سے
آپ کی شانِ جاودانی کی

آپ پر ختم ساری خوش ذوقی
آپ معراج خوش بیانی کی

رب نے انساں سے بات کی ، لیکن
اپنے محبوب کی زبانی کی

اتباعِ شہِ اُمم لوگو!
شرطِ اوّل ہے کامرانی کی

کاش طیبہ ہو آخری منزل
میرے رہوارِ عمر فانی کی

میں غلامِ شہِ اُمم ہوں فرید
ہے بڑی بات شادمانی کی